گلگت : پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما امجد حسین ایڈووکیٹ نے باقاعدہ طور پر گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف برداری کی اس پروقار تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خصوصی شرکت کی، جبکہ ان کے ہمراہ پارٹی کے مرکزی و مقامی رہنماؤں، نومنتخب اراکینِ اسمبلی، اعلیٰ سرکاری حکام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی مقتدر شخصیات بھی موجود تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے ضلع دیا میر کے عوام کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دیا میر کے غیور عوام کے بے حد شکر گزار ہیں جنہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی بصیرت پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے پارٹی کو دو انتہائی اہم نشستوں پر شاندار کامیابی دلائی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی عوام کے غیر متزلزل اعتماد کا مظہر ہے اور وہ اس مان پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
اپنے اولین خطاب میں وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے نومنتخب حکومت کے مینوفیسٹو پر روشنی ڈالتے ہوئے واضح کیا کہ گلگت بلتستان کی پائیدار ترقی، عوامی فلاح و بہبود، بہتر طرزِ حکمرانی اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ میرٹ اور انصاف کے اصولوں کے تحت تمام اضلاع کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وہ گلگت بلتستان میں مستقل امن اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔