اسلام آباد (خصوصی رپورٹر، حسبان میڈیا):
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک میں موسم کے ایک نئے اور فعال نظام کے داخلے کا الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت کل سے ملک کے شمالی اور بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کے مطابق اس نئے اسپیل کے زیر اثر آزاد کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی پنجاب کے وسیع علاقے آئیں گے، جہاں گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا قوی امکان ہے۔
حکام کے مطابق کل سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور آزاد کشمیر کے اضلاع میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، جبکہ گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں بھی بارش کی شدت میں بتدریج اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس فعال موسمی نظام کے باعث دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں تیز ترین بارشیں ہوں گی، جس کے نتیجے میں تربیلا اور منگلا ڈیموں سمیت تمام بڑے دریاؤں میں پانی کی آمد میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔
این ڈی ایم اے نے واضح کیا ہے کہ موجودہ صورتحال کے مطابق ملک میں بڑے پیمانے پر کسی بھی دریا میں سیلاب کا کوئی خطرہ موجود نہیں ہے، تاہم پہاڑی ندی نالوں اور چھوٹے برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں مقامی سطح پر تیزی آ سکتی ہے۔ الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ حساس بالائی علاقوں میں مقامی سیلابی صورتحال، شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔ مزید برآں، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی و دشوار گزار راستوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے، جس کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔