باجوڑ۔ گورنمنٹ ہائی سکول خار کے سابق ہم جماعتوں کا چالیس سال بعد ایک یادگار اور پروقار اجتماع منعقد ہوا جس میں شرکاء نے اپنے تعلیمی دور کی سنہری یادوں کو تازہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارے۔تقریب میں باجوڑ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر لعلی شاہ کی قیادت میں فضل اکبر خلجی، بخت منیر،حمید حاجی، عمر خطاب، سلیم خان اور دیگر سابق ہم جماعتوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے ایک دوسرے سے ملاقات کرکے خوشی کا اظہار کیا اور اپنے اسکول کے زمانے سے وابستہ یادگار واقعات اور تجربات شیئر کیے۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ گورنمنٹ ہائی سکول خار نے انہیں نہ صرف تعلیم سے آراستہ کیا بلکہ زندگی میں آگے بڑھنے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کی تربیت بھی دی۔ انہوں نے اپنے اساتذہ کرام کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج جو بھی کامیابیاں انہیں حاصل ہیں، ان میں اساتذہ کی محنت اور رہنمائی کا اہم کردار شامل ہے۔شرکاء نے چالیس سال قبل کے تعلیمی ماحول، کھیلوں کی سرگرمیوں، نصابی و ہم نصابی مقابلوں اور اپنے مرحوم ساتھیوں و اساتذہ کو بھی یاد کیا۔ اس موقع پر مرحوم اساتذہ اور ساتھیوں کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔باجوڑ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر لعلی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت گزرنے کے باوجود بچپن کی دوستیاں اور طالب علمی کے دن انسان کے دل و دماغ میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چالیس سال بعد اپنے پرانے ساتھیوں کے ساتھ دوبارہ مل بیٹھنا ان کے لیے ایک خوشگوار اور ناقابل فراموش تجربہ ہے۔اجتماع کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ سابق ہم جماعتوں کے درمیان رابطے مضبوط ہوں اور دوستی، محبت اور بھائی چارے کے رشتوں کو مزید فروغ مل سکے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اجتماعی تصویر بنوائی اور اس یادگار اجتماع کو اپنی زندگی کے خوبصورت ترین لمحات میں سے ایک قرار دیا۔