اصلاحی جرگہ کا وفاقی وزیر مبارک زیب کے ترقیاتی اقدامات کا خیرمقدم، مزید منصوبوں کی ضرورت پر زور
باجوڑ: اصلاحی جرگہ خار نے وفاقی وزیر و رکنِ قومی اسمبلی مبارک زیب کی جانب سے ترقیاتی فنڈ کے تحت خار میں مختلف عوامی فلاحی منصوبوں کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے علاقے کی ترقی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
یہ بات اصلاحی جرگہ خار کے چیئرمین و سابق ڈپٹی کمشنر حاجی سید احمد جان اور جنرل سیکرٹری حاجی نعیم اللہ خان نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ مساجد کی سولرائزیشن، اہم شاہراہوں کی پختگی، قبرستانوں کی چار دیواری اور تعلیمی اداروں کو بسوں کی فراہمی جیسے منصوبے عوامی سہولت اور فلاح و بہبود میں اہم کردار ادا کریں گے۔
جرگہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ خار، ضلع باجوڑ کا ہیڈکوارٹر ہونے کے باوجود ماضی میں ترقیاتی منصوبوں سے محروم رہا، حالانکہ یہاں کے عوام ہر انتخاب میں اپنے نمائندوں کی بھرپور حمایت کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحی جرگہ نے مختلف اوقات میں شہر کے بنیادی مسائل حکام کے سامنے اٹھائے، تاہم ان پر خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو سکی، جبکہ خار بازار کو بھی بیوٹیفکیشن سمیت کئی ترقیاتی منصوبوں سے محروم رکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر مبارک زیب اور ان کی ٹیم نے خار کو ترقیاتی منصوبوں میں شامل کرکے عوام کی توقعات کو تقویت دی ہے، جس پر اصلاحی جرگہ ان کا شکریہ ادا کرتا ہے۔ جرگہ رہنماؤں کے مطابق وفاقی وزیر سے نکاسیٔ آب کے نظام کی بہتری، نالیوں کی تعمیر و پختگی، پبلک ہیلتھ واٹر سپلائی اسکیم کے بوسیدہ پائپوں کی تبدیلی، خار جنازہ گاہ میں شیڈ کی تعمیر اور دیگر بنیادی مسائل پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جس پر وفاقی وزیر نے مکمل تعاون اور عملی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔