حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ کے نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری، ریحان زیب خان شہید گورنمنٹ کالج کی باقاعدہ منظوری۔ Home / باجوڑ /

باجوڑ کے نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری، ریحان زیب خان شہید گورنمنٹ کالج کی باقاعدہ منظوری۔

ایڈیٹر - 02/07/2026
باجوڑ کے نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری، ریحان زیب خان شہید گورنمنٹ کالج کی باقاعدہ منظوری۔

شہید ریحان زیب خان کا خواب شرمندہ تعبیر؛ باجوڑ میں شہید کے نام سے گورنمنٹ کالج قائم کرنے کی منظوری

اسلام آباد / باجوڑ  : قبائلی اضلاع کے عوام بالخصوص نوجوانوں کی تعلیمی ترقی کے لیے ایک تاریخی سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ باجوڑ سے تعلق رکھنے والے نوجوان رہنما شہید ریحان زیب خان کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے حکومت نے ان کے نام سے منسوب "ریحان زیب خان شہید گورنمنٹ کالج" کے قیام کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ اس اہم منصوبے کو سال 27-2026 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کا حصہ بنا دیا گیا ہے، جبکہ منصوبے کے لیے تمام تر فنڈنگ تیز رفتار ترقیاتی پروگرام (AIP) کے تحت فراہم کی جائے گی۔

وزیر مملکت برائے قبائلی امور مبارک زیب خان نے اس تاریخی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے اپنے ایک انتہائی جذباتی بیان میں کہا کہ آج کا دن ان کی زندگی کا سب سے یادگار دن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اپنے بھائی کی شہادت کے بعد انہوں نے عہد کیا تھا کہ وہ باجوڑ کے نوجوانوں کے لیے ریحان زیب خان کا دیکھا گیا خواب ادھورا نہیں رہنے دیں گے۔ تقریباً دو سال کی مسلسل جدوجہد، بے پناہ مشکلات اور کٹھن آزمائشوں کے بعد بالاخر یہ خواب حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج جہاں اس عظیم کامیابی پر دل خوشی سے لبریز ہے، وہاں اپنے شہید بھائی کی یاد میں آنکھیں اب بھی نم ہیں، کاش وہ آج اس تاریخی لمحے کا حصہ ہوتے۔

وزیر مملکت نے اس اہم منصوبے کی منظوری پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا، وفاقی و صوبائی حکومتوں سمیت تمام متعلقہ اداروں اور اپنی ٹیم کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جن کے باہمی تعاون سے قبائلی علاقوں میں علم کی شمع روشن کرنے کا یہ بڑا منصوبہ ممکن ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق یہ کالج باجوڑ کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔