باجوڑ: شنکوٹ ماموند میں مبینہ ڈرون حملہ، 3 افراد جاں بحق، 8 زخمی
باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے شنکوٹ پاکستان چوک میں ایک رہائشی مکان پر مبینہ ڈرون حملہ ہونے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔ واقعہ سید ولی جان ولد عجب خان کے گھر پر پیش آیا، جہاں دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں اسحاق ولد میرزمان (15 سال)، امتیاز ولد بختیار (30 سال) اور منیبہ دختر بختیار (5 سال) شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (DHQ) ہسپتال خار منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ڈی ایس پی سعید الرحمن نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا ہے، تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ مبینہ ڈرون کہاں سے آیا اور حملہ کس جانب سے کیا گیا۔ پولیس اور متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے کی نوعیت اور ذمہ دار عناصر کے بارے میں حتمی معلومات فراہم کی جا سکیں گی۔