خیبرپختونخوا کے ضلع دیر بالا میں آسمانی بجلی گرنے سے خواتین کے ایک مدرسے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جہاں حادثے کے نتیجے میں 22 طالبات زخمی ہو گئیں۔ واقعے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت فوری امدادی کارروائیاں شروع کیں، جبکہ دشوار گزار علاقے کی وجہ سے ریسکیو سرگرمیوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔
یہ واقعہ دیر بالا کی تحصیل واڑی کے علاقے اوصوڑئی درہ کے گاؤں رانگوں میں پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق حادثے کے وقت مدرسے میں تقریباً 260 طالبات موجود تھیں۔ آسمانی بجلی گرنے کے فوراً بعد شدید افراتفری مچ گئی، جس پر اہلِ علاقہ نے فوری طور پر زخمی طالبات کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
زخمی طالبات کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ٹی ایچ کیو اسپتال واڑی منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز کے مطابق تمام متاثرہ طالبات کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
علاقہ دور افتادہ ہونے کے باعث امدادی ٹیموں کو جائے وقوعہ تک پہنچنے میں مشکلات پیش آئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہلِ خانہ اور مقامی افراد کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی، جس سے وہاں غم اور تشویش کی فضا قائم ہو گئی۔
ضلعی انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمی ہونے والی تمام 22 طالبات کی شناخت کر لی گئی ہے، جبکہ ان کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ حکام نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر جانے سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔