حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبر پختونخوا میں آندھی اور طوفان نے تباہی مچا دی، شدید مالی و جانی نقصانات کے اطلاعات Home / ماحولیات /

خیبر پختونخوا میں آندھی اور طوفان نے تباہی مچا دی، شدید مالی و جانی نقصانات کے اطلاعات

ایڈیٹر - 02/07/2026
خیبر پختونخوا میں آندھی اور طوفان نے تباہی مچا دی، شدید مالی و جانی نقصانات کے اطلاعات

ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون کی شدید بارشوں اور تیز ہواؤں نے گرمی کی شدت تو کم کر دی، تاہم متعدد شہروں میں جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں آسمانی بجلی گرنے، مکانات کی چھتیں اور دیواریں منہدم ہونے، جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کے باعث کئی افسوسناک حادثات پیش آئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں متعدد افراد متاثر ہوئے۔ باڑہ ذکا خیل اور لوئر چترال میں آسمانی بجلی گرنے اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث دو بچے جان کی بازی ہار گئے جبکہ تین افراد زخمی ہوئے۔ ان واقعات میں 27 گھروں، دو مساجد، دو دکانوں اور ایک پل کو بھی نقصان پہنچا۔

دیر بالا کے علاقے واڑی درہ میں ایک مدرسے کی عمارت پر آسمانی بجلی گرنے سے 22 طالبات زخمی ہو گئیں، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

ہری پور میں دریائے دوڑ میں اچانک پانی کا بہاؤ بڑھنے سے چھ سالہ بچہ سیلابی ریلے میں بہہ گیا، جبکہ مردان کے علاقے دربوکلے میں تیز آندھی کے دوران دیوار گرنے سے دو نوجوان زخمی ہوئے۔

ادھر سوات، شانگلہ اور باجوڑ میں ندی نالوں میں شدید طغیانی کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، جبکہ مری کے اپر جھیکا گلی روڈ پر درخت گرنے سے ٹریفک کی روانی کئی گھنٹوں تک متاثر رہی۔

پنجاب کے ضلع اٹک میں بھی طوفانی بارش تباہی کا باعث بنی، جہاں مختلف مقامات پر چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں تین افراد جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں زوجہ عبادت، علی رضا اور عبد الہادی شامل ہیں، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

لاہور میں گلبرگ، جوہر ٹاؤن، ڈیفنس، ماڈل ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد متعدد بجلی کے فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہی۔

شرقپور شریف، کامونکی، پھالیہ، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین کے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، جبکہ پنڈی بھٹیاں کے علی ٹاؤن میں بجلی کی تاریں ٹوٹنے سے خطرناک صورتحال پیدا ہو گئی۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ 6 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ کے مطابق شمالی بلوچستان میں 4 جولائی تک جبکہ بالائی سندھ کے مختلف اضلاع میں 3 اور 4 جولائی کے دوران مزید بارش متوقع ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔