ضلع خیبر ( حسبان میڈیا): خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل لنڈیکوتل میں مون سون کی حالیہ بارشوں کے دوران ایک انتہائی دلخراش اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں اسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں دو معصوم بچے جاں بحق اور تین شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ اس ناگہانی واقعے کے بعد پورے علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہو گئی۔
پولیس ذرائع سے ملنے والی تصدیق شدہ اطلاعات کے مطابق، یہ المیہ لنڈیکوتل بازار کے قریبی علاقے ذخہ خیل، شان خیل میں پیش آیا۔ علاقے میں جاری گرج چمک اور موسلا دھار بارش کے دوران زالیب شاہ نامی مقامی شخص کے رہائشی مکان پر اچانک آسمانی بجلی گر گئی۔ آسمانی بجلی کا جھٹکا اتنا شدید تھا کہ گھر میں موجود دو بچے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ خاندان کے دیگر تین افراد بری طرح جھلس کر شدید زخمی ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی ریسکیو ٹیمیں اور پڑوسی فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ پولیس حکام کے مطابق، تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں طبی ذرائع نے زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی ہے۔ ڈاکٹرز کی جانب سے زخمی بچوں کو بچانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کر کے متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔