حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ: شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیشِ نظر ریسکیو 1122 باجوڑ کی جانب سے ہنگامی ریلیف پوائنٹس قائم Home / باجوڑ /

باجوڑ: شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیشِ نظر ریسکیو 1122 باجوڑ کی جانب سے ہنگامی ریلیف پوائنٹس قائم

ایڈیٹر - 01/07/2026
باجوڑ: شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیشِ نظر ریسکیو 1122 باجوڑ کی جانب سے ہنگامی ریلیف پوائنٹس قائم

باجوڑ (  حسبان میڈیا): ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر امجد خان کی زیرِ نگرانی ضلع باجوڑ کے مختلف عوامی اور گنجان آباد مقامات پر شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ہنگامی ہیٹ ویو ریلیف پوائنٹس قائم کر دیے گئے ہیں۔ ان پوائنٹس کا بنیادی مقصد متبادل طبی امداد فراہم کرنا اور شہریوں کو لو لگنے (ہیٹ اسٹروک) سے محفوظ رکھنا ہے۔

ریسکیو 1122 باجوڑ کے ترجمان کے مطابق، ان قائم کردہ ریلیف پوائنٹس پر جہاں ایک طرف راہگیروں اور محنت کشوں کو شدید دھوپ سے بچانے کے لیے مفت ٹھنڈا شربت اور پینے کا صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے، وہیں دوسری طرف ریسکیو کا طبی عملہ شہریوں کو ہیٹ ویو کے مضر اثرات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر کی لٹریچر اور آگاہی بھی دے رہا ہے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر امجد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضع کیا کہ ریسکیو 1122 کسی بھی ناگہانی یا ہنگامی صورتحال میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے 24 گھنٹے الرٹ ہے۔ انہوں نے عوامی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اپیل کی کہ شہری شدید دھوپ کے اوقات، خصوصاً دوپہر 11 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے سخت گریز کریں۔ انہوں نے عوام کو زیادہ سے زیادہ پانی اور مائع اشیاء کا استعمال کرنے، ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہننے اور بچوں، بزرگوں سمیت مریضوں کا خصوصی خیال رکھنے کی تاکید کی ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی حالت میں فوری طور پر فری ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔