راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی سے طویل عرصے سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، حکومتی مذاکرات محض دکھاوا ہیں، بیرسٹر گوہر خان
راولپنڈی ( حسبان میڈیا): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے مختص دن پر بھی کسی کو ملنے کی اجازت نہیں دی گئی، جس سے پارٹی قیادت اور اہلخانہ میں تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے اسمبلی فلور پر مذاکرات کی دعوت دی گئی، لیکن موجودہ حالات میں حکومت کے ساتھ بات چیت کے عمل میں کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی ہے۔
راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے انکشاف کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے باقاعدہ ملاقات نہ ہوئے 36 ہفتے گزر چکے ہیں۔ انہوں نے واضع کیا کہ جب تک پارٹی قیادت اور قانونی ٹیم کی عمران خان سے براہِ راست ملاقاتیں نہیں ہوں گی، تب تک سیاسی معاملات پر ان کے مائنڈ سیٹ اور حتمی گائیڈ لائنز کا پتا چلنا ناممکن ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خان صاحب کے خاندان کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان کی تینوں بہنوں کی بانی پی ٹی آئی سے فوری ملاقات کرائی جائے۔ بیرسٹر گوہر نے حکومتی دوغلی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب ہمارے رہنماؤں اور کارکنوں کو سزائیں دی جا رہی ہیں اور دوسری طرف مذاکرات کا راگ الاپا جا رہا ہے، جو کہ تضاد پر مبنی ہے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما سلمان اکرم راجا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے اندر جو مبینہ انتشار کی کیفیت دکھائی دیتی ہے، وہ صرف اور صرف بانی پی ٹی آئی سے مسلسل ملاقاتیں نہ ہونے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب چاہتے ہیں کہ عمران خان سے بلا تعطل ملاقات ہو تاکہ ان کی براہِ راست ہدایات سامنے آ سکیں؛ ہدایات نہ آنے اور مسلسل رابطے کے فقدان کی وجہ سے اس وقت پارٹی کی مرکزی لیڈرشپ شدید دباؤ کا شکار ہے۔