حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
بالاکوٹ کے علاقے ناران میں ٹک ٹاک بنانے کے چکر میں ویگو ڈالا گاڑی دریائے کنہار میں بہہ گئی۔ Home / لائف سٹائل /

بالاکوٹ کے علاقے ناران میں ٹک ٹاک بنانے کے چکر میں ویگو ڈالا گاڑی دریائے کنہار میں بہہ گئی۔

ایڈیٹر - 01/07/2026
بالاکوٹ کے علاقے ناران میں ٹک ٹاک بنانے کے چکر میں ویگو ڈالا گاڑی دریائے کنہار میں بہہ گئی۔

بالاکوٹ: ناران میں ٹک ٹاک بنانے کی کوشش کے دوران ویگو گاڑی دریائے کنہار کی نذر، گوجرانوالہ کے 5 سیاح بحفاظت ریسکیو

بالاکوٹ (تحصیل رپورٹر، حسبان میڈیا): ناران کے تفریحی مقام بالاکوٹ میں سوشل میڈیا ویڈیو (ٹک ٹاک) بنانے کے شوق نے پانچ نوجوانوں کی زندگیوں کو شدید خطرے میں ڈال دیا۔ دھم دھمہ کے مقام پر گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کی ایک تیز رفتار ویگو ڈالا گاڑی دریائے کنہار کے تیز بہاؤ کی زد میں آ کر پانی میں بہہ گئی۔ تاہم، مقامی رافٹنگ ٹیم کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کے باعث تمام نوجوانوں کو معجزانہ طور پر بحفاظت بچا لیا گیا ہے۔

حسبان میڈیا کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، گوجرانوالہ سے آئے ہوئے پانچ منچلے نوجوان دریا کے بالکل کنارے خطرناک حد تک گاڑی لے جا کر ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہے تھے کہ اچانک پانی کا تیز ریلہ گاڑی کو اپنے ساتھ بہا لے گیا۔ گاڑی کو ڈوبتا دیکھ کر اطراف میں موجود سیاحوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی بالاکوٹ کی تربیت یافتہ مقامی رافٹنگ ٹیم فوری طور پر حرکت میں آئی اور ریسکیو بوٹ کے ذریعے انتہائی مشکل حالات میں آپریشن کرتے ہوئے پانچوں نوجوانوں کو دریا کے بیچ سے بحفاظت نکال لیا۔

اس سنگین واقعے کے بعد بالاکوٹ انتظامیہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے سیاحوں کے لیے ہنگامی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ مقامی انتظامیہ نے سیاحوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اپنے خاندانوں اور اپنی حفاظت کو اولین ترجیح دیں اور کسی بھی صورت اپنی گاڑیاں دریائے کنہار کے کنارے یا پانی کے اندر لے جانے سے مکمل گریز کریں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں موسم کی خرابی کے باعث دریائے کنہار کا بہاؤ کسی بھی وقت اچانک تیز ہو سکتا ہے، لہٰذا سیاح ایسے خطرناک مقامات پر سیلفیاں اور ویڈیوز بنانے سے سختی سے اجتناب کریں۔