باجوڑ: وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر وزیر مملکت برائے قبائلی امور مبارک زیب خان نے باجوڑ کے طلبہ کے لیے فراہم کی گئی پانچ جدید بسوں کی چابیاں متعلقہ تعلیمی اداروں کے سربراہان کے حوالے کر دیں۔
اس سلسلے میں سول کالونی خار کے جرگہ ہال میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان، ڈی پی او محمد خالد، معزز قومی مشران، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران گورنمنٹ ڈگری کالج خار، گورنمنٹ ڈگری کالج ناواگئی، گورنمنٹ ڈگری کالج برنگ، گورنمنٹ ڈگری کالج برخلوزئی ماموند اور خار ماڈل اسکول اینڈ کالج کو ایک، ایک جدید بس فراہم کی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت مبارک زیب خان نے کہا کہ یہ بسیں بالخصوص دور دراز علاقوں سے آنے والے طلبہ کو محفوظ، باوقار اور آسان سفری سہولت فراہم کریں گی، تاکہ وہ بلا رکاوٹ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم پر سرمایہ کاری ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہے اور حکومت باجوڑ میں تعلیمی سہولیات، نوجوانوں کی فلاح اور عوامی خدمت کے لیے مزید اقدامات جاری رکھے گی۔
تقریب سے ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان، ڈی پی او محمد خالد اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے اس اقدام کو طلبہ کے لیے خوش آئند قرار دیا۔