حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
یکم جولائی سے موسم کا بڑا یوٹرن، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا Home / ماحولیات /

یکم جولائی سے موسم کا بڑا یوٹرن، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

ایڈیٹر - 30/06/2026
یکم جولائی سے موسم کا بڑا یوٹرن، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے یکم جولائی سے ملک کے مختلف علاقوں میں پری مون سون بارشوں کے آغاز کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے ساتھ شمالی علاقوں میں قدرتی آفات کے خدشات بھی بڑھ سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ سب سے پہلے شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر سے شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد ملک کے بالائی علاقوں اور پنجاب کے شمال مشرقی اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔

ماہرین کے مطابق بارشوں سے شدید گرمی کی شدت میں کمی آئے گی، تاہم موسمی تبدیلی کے باعث بعض علاقوں میں خطرناک صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب قومی ادارہ برائے آفات نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید گرمی اور متوقع بارشوں کے باعث گلیشیئر تیزی سے پگھل سکتے ہیں، جس سے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اچانک بلند ہونے کا خدشہ ہے۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ جولائی کے ابتدائی دنوں میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے، اچانک سیلاب آنے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جیسے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔

الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گلیشیئر پگھلنے کے باعث آبی گزرگاہوں میں بہاؤ غیر معمولی حد تک بڑھ سکتا ہے، جس سے نشیبی علاقوں اور شاہراہوں کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

حکام نے سیاحوں، مسافروں اور مقامی آبادی کو ہدایت کی ہے کہ وہ گلیشیئرز سے نکلنے والے ندی نالوں، دریاؤں اور دیگر حساس مقامات کے قریب جانے سے گریز کریں اور متعلقہ اداروں کی جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے یا جانی نقصان سے بچا جا سکے۔