حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایرانی فٹبال ٹیم کے کپتان مہدی طارمی برس پڑے، ورلڈ کپ انتظامات پر سنگین سوالات اٹھا دیے، Home / کھیل /

ایرانی فٹبال ٹیم کے کپتان مہدی طارمی برس پڑے، ورلڈ کپ انتظامات پر سنگین سوالات اٹھا دیے،

ایڈیٹر - 28/06/2026
ایرانی فٹبال ٹیم کے کپتان مہدی طارمی برس پڑے، ورلڈ کپ انتظامات پر سنگین سوالات اٹھا دیے،

ورلڈ کپ میں ایرانی فٹبال ٹیم کے کپتان مہدی طارمی نے ٹورنامنٹ کے انتظامات اور میزبان ملک کے رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی ٹیم کو ایسی مشکلات کا سامنا ہے جو کسی بڑے بین الاقوامی مقابلے کے معیار کے مطابق نہیں۔

مہدی طارمی نے کہا کہ عالمی فٹبال حکام کی جانب سے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، تاہم اب تک عملی طور پر کوئی خاص پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ ان کے مطابق ایرانی ٹیم کے معاون عملے اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو تاحال سفری دستاویزات اور ویزوں کے مسائل کا سامنا ہے۔

ایرانی کپتان نے کہا کہ ہر میچ کے بعد مسلسل سفر اور واپسی کا عمل کھلاڑیوں کی تیاری اور کارکردگی پر اثر انداز ہو سکتا ہے، جبکہ اس نوعیت کے انتظامات کسی بڑے پیشہ ورانہ ٹورنامنٹ کے شایانِ شان نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ میکسیکو کے عوام کے ساتھ ایرانی ٹیم کے دوستانہ تعلقات ہیں اور ان کے بیان کا مقصد کسی ملک کے عوام کو تنقید کا نشانہ بنانا نہیں، بلکہ توجہ صرف سفری اور انتظامی مسائل کی جانب دلانا ہے۔

مہدی طارمی نے اپنے ردعمل میں کہا کہ اگر کسی وجہ سے ایرانی ٹیم کو مقابلوں سے باہر کرنا مقصود ہے تو ایسا کر دیا جائے، لیکن موجودہ صورتحال کو وہ منصفانہ قرار نہیں دیتے۔

ان کے بیان کے بعد کھیلوں کے حلقوں میں انتظامی معاملات اور ٹیموں کو یکساں سہولتوں کی فراہمی پر نئی بحث شروع ہو گئی ہے، جبکہ شائقین بھی عالمی مقابلوں میں تمام ٹیموں کے لیے مساوی مواقع فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔