محکمہ موسمیات نے گرمی کے ستائے شہریوں کو خوشخبری سناتے ہوئے ملک کے مختلف حصوں میں یکم جولائی سے باقاعدہ طور پر مون سون کے آغاز کی پیشگوئی کر دی ہے۔ تاہم، صوبہ سندھ اور بالخصوص کراچی کے حوالے سے جاری کردہ اعداد و شمار میں رواں سال معمول سے کم بارشوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر کے مطابق، مون سون کا ابتدائی آغاز ملک کے شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر کے خطوں سے ہونے کا قوی امکان ہے۔ یکم جولائی سے ملک کے شمالی بالائی حصوں اور پنجاب کے شمال مشرقی اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبہ سندھ میں فی الحال مون سون کا فوری آغاز ہوتا دکھائی نہیں دے رہا اور 5 جولائی تک سندھ کے بیشتر اضلاع میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
کراچی اور سندھ کے دیگر ساحلی پٹیوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ خلیج بنگال میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں بارش کا سبب بن سکتا ہے، تاہم مجموعی طور پر رواں سیزن میں کراچی اور سندھ میں معمول سے کم بارشیں ریکارڈ ہونے کی توقع ہے۔ انجم نذیر نے علاقائی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے مزید بتایا کہ ہمسایہ ملک بھارت میں بھی موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث جون کے مہینے میں معمول سے 43 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں، جو خطے میں کمزور مونسون سسٹم کی عکاسی کرتا ہے۔