زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹیکسی ڈرائیوروں کے خلاف باجوڑ پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن، بھاری جرمانے عائد، اضافی رقم مسافروں کو واپس دلا دی گئی
باجوڑ : پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نئے کرایہ نامے کے اجراء کے باوجود مسافروں سے مقررہ نرخوں سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والے ٹیکسی ڈرائیوروں کے خلاف باجوڑ پولیس نے سخت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ کارروائی عوام الناس کی جانب سے ملنے والی بار بار شکایات کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) باجوڑ محمد خالد خان کی خصوصی ہدایات پر ڈی ایس پی ٹریفک سہیل سالار کی نگرانی میں ٹریفک پولیس کی ٹیموں نے ضلع کے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کر کے چیکنگ کی۔ کارروائی کے دوران سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے والے ٹیکسی ڈرائیوروں کو موقع پر ہی بھاری جرمانے کیے گئے اور مسافروں سے وصول کیا گیا اضافی کرایہ بھی فوری طور پر واپس کروایا گیا۔
اس موقع پر ڈی ایس پی ٹریفک سہیل سالار نے ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیوروں کو سخت الفاظ میں تنبیہ کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ کرایہ نامے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں اور مسافروں سے صرف مقررہ نرخوں کے مطابق کرایہ وصول کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا کیونکہ باجوڑ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ان کے جائز حقوق کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔