حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خودکار نظام یا انسانی غلطی؟ ٹیسلا کار گھر میں جا گھسی، خاتون ہلاک، نئی بحث چھڑ گئی Home / لائف سٹائل /

خودکار نظام یا انسانی غلطی؟ ٹیسلا کار گھر میں جا گھسی، خاتون ہلاک، نئی بحث چھڑ گئی

ایڈیٹر - 23/06/2026
خودکار نظام یا انسانی غلطی؟ ٹیسلا کار گھر میں جا گھسی، خاتون ہلاک، نئی بحث چھڑ گئی

ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس میں خودکار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی ایک مرتبہ پھر سوالات کی زد میں آ گئی ہے، جہاں ایک ٹیسلا گاڑی بے قابو ہو کر رہائشی مکان سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 76 سالہ خاتون جان کی بازی ہار گئیں۔

امریکی ٹریفک سیفٹی حکام کے مطابق یہ حادثہ 19 جون کو پیش آیا، جب ٹیسلا ماڈل 3 اچانک سڑک سے نکل کر ایک گھر میں داخل ہوگئی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کے وقت گاڑی کا خودکار ڈرائیونگ نظام فعال تھا۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی چلانے والے شخص نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ حادثے کے وقت خودکار ڈرائیونگ فیچر استعمال ہو رہا تھا۔ تاہم تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ڈرائیور نشے کی حالت میں نہیں تھا اور وہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہے۔

دوسری جانب ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے ان دعوؤں سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑی مکمل خودکار ڈرائیونگ موڈ پر نہیں تھی۔ ان کے مطابق یہ نظام رہائشی علاقوں میں محدود رفتار سے کام کرتا ہے جبکہ حادثہ زیادہ رفتار کے باعث پیش آیا۔

کمپنی کے مصنوعی ذہانت کے شعبے سے وابستہ اعلیٰ عہدیدار اشوک ایلوسوامی نے بھی مؤقف اختیار کیا ہے کہ ڈرائیور نے خود گاڑی کی رفتار بڑھائی، جس سے خودکار نظام کی مداخلت محدود ہوگئی اور گاڑی تقریباً 73 میل فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ گئی۔

اس واقعے نے ایک بار پھر ٹیسلا کے خودکار ڈرائیونگ نظام پر جاری بحث کو تیز کر دیا ہے۔ امریکی ریگولیٹری ادارے پہلے ہی متعدد حادثات اور شکایات کے بعد اس ٹیکنالوجی کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ برس بھی کئی ایسے واقعات سامنے آئے تھے جن میں ٹیسلا گاڑیوں کے ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی کرنے یا غلط سمت میں جانے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔

اگرچہ ٹیسلا مسلسل یہ دعویٰ کرتی رہی ہے کہ اس کا خودکار ڈرائیونگ نظام انسانی ڈرائیوروں کے مقابلے میں زیادہ محفوظ ہے، تاہم امریکی سڑکوں کی نگرانی کرنے والے ادارے اب بھی ان دعوؤں کی جانچ پڑتال کر رہے ہیں۔

حالیہ حادثے کے بعد ماہرین کا کہنا ہے کہ جدید خودکار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ ساتھ انسانی نگرانی اور ذمہ داری بھی بدستور انتہائی اہم ہے۔