ہیوسٹن: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ایف میں نیدرلینڈز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سویڈن کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر نہ صرف اہم کامیابی حاصل کر لی بلکہ گروپ کی پہلی پوزیشن پر بھی قبضہ جما لیا۔
این آر جی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں ڈچ ٹیم نے آغاز ہی سے جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور سویڈن کو کسی بھی مرحلے پر کھیل میں واپسی کا موقع نہ دیا۔
میچ کے پانچویں منٹ میں برائن بروبی نے گول کرکے نیدرلینڈز کو برتری دلائی، جبکہ انہوں نے سترہویں منٹ میں ایک اور گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مزید مضبوط بنا دی۔ پہلے ہاف کے اختتام تک سویڈن کی ٹیم کوئی خاطر خواہ مزاحمت نہ کر سکی اور دو صفر کے خسارے میں رہی۔
دوسرے ہاف میں کوڈی گاکپو نے اپنی شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے مسلسل دو گول داغ دیے، جس کے بعد مقابلہ مکمل طور پر نیدرلینڈز کے حق میں چلا گیا۔
سویڈن کی جانب سے انتھونی ایلنگا نے انسٹھویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو امید دلانے کی کوشش کی، تاہم ڈچ ٹیم نے کھیل پر اپنی گرفت برقرار رکھی۔
میچ کے آخری لمحات میں کریسنسیو سمر ویل نے ایک اور گول اسکور کرکے نیدرلینڈز کی بڑی فتح کو یادگار بنا دیا اور اسکور پانچ ایک کر دیا۔
نیدرلینڈز کی کامیابی میں برائن بروبی اور کوڈی گاکپو نمایاں رہے، جبکہ ڈینزل ڈمفریز نے بھی عمدہ کھیل پیش کیا۔ دفاعی لائن میں کپتان ورجل وین ڈائک نے مضبوط کردار ادا کیا جبکہ فرینکی ڈی یونگ نے مڈفیلڈ میں ٹیم کو بھرپور سہارا فراہم کیا۔
یہ کامیابی اس لیے بھی اہم سمجھی جا رہی ہے کیونکہ نیدرلینڈز نے اپنے پہلے میچ میں جاپان کے خلاف دو، دو گول سے برابر کھیلنے کے بعد مکمل تین پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔
دوسری جانب سویڈن، جس نے پہلے میچ میں تیونس کو پانچ ایک سے شکست دی تھی، اس بھاری ناکامی کے بعد اگلے مرحلے میں رسائی کے لیے دباؤ میں آ گئی ہے۔
اس میچ کے دوران نیدرلینڈز نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں اپنے سو گول بھی مکمل کیے، جسے ڈچ فٹبال کی ایک اہم اور یادگار کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
اس شاندار فتح کے بعد نیدرلینڈز گروپ ایف میں سرفہرست آ گیا ہے جبکہ ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کے امکانات بھی مزید روشن ہو گئے ہیں۔