حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
گلگت بلتستان میں بڑا سیاسی بریک تھرو، ن لیگ نے پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کر دیا Home / سیاست /

گلگت بلتستان میں بڑا سیاسی بریک تھرو، ن لیگ نے پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کر دیا

ایڈیٹر - 21/06/2026
گلگت بلتستان میں بڑا سیاسی بریک تھرو، ن لیگ نے پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کر دیا

گلگت: گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے معاملے پر اہم سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون نے اسمبلی کے اندر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس پیش رفت کو خطے کی سیاست میں ایک اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔

گلگت میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما حفیظ الرحمن نے اعلان کیا کہ ان کی جماعت قائد ایوان کے انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کرے گی اور اپنے ووٹ بھی اسی امیدوار کے حق میں استعمال کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر کے عہدے کے لیے بھی مسلم لیگ نون پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کرے گی، جبکہ ڈپٹی اسپیکر اور گورنر سے متعلق معاملات وفاقی سطح پر طے کیے گئے فارمولے کے مطابق حل کیے جائیں گے۔

دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان کے وسیع تر مفاد، سیاسی استحکام اور ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اسمبلی کے اندر باہمی تعاون جاری رکھا جائے گا۔

پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے مسلم لیگ نون کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے خطے میں سیاسی ہم آہنگی اور استحکام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سازی اور اتحادی معاملات سے متعلق مزید فیصلے پارٹی قیادت کی مشاورت سے کیے جائیں گے۔

پریس کانفرنس میں پیپلز پارٹی کی جانب سے قمر زمان کائرہ، نیئر حسین بخاری اور امجد ایڈووکیٹ جبکہ مسلم لیگ نون کی جانب سے حفیظ الرحمن اور دیگر پارلیمانی رہنما شریک ہوئے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق دونوں بڑی جماعتوں کے درمیان تعاون کا یہ فیصلہ گلگت بلتستان کی آئندہ سیاسی صورتحال اور حکومت سازی کے عمل پر اہم اثرات مرتب کر سکتا ہے۔