حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پی ٹی آئی کی بڑی حکمت عملی سامنے آگئی، بیرسٹر گوہر کی بجٹ حمایت کی ہدایت، اسلام آباد میں اہم اجلاس طلب Home / سیاست /

پی ٹی آئی کی بڑی حکمت عملی سامنے آگئی، بیرسٹر گوہر کی بجٹ حمایت کی ہدایت، اسلام آباد میں اہم اجلاس طلب

ایڈیٹر - 21/06/2026
پی ٹی آئی کی بڑی حکمت عملی سامنے آگئی، بیرسٹر گوہر کی بجٹ حمایت کی ہدایت، اسلام آباد میں اہم اجلاس طلب

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے آئندہ سیاسی حکمت عملی اور پارلیمانی امور پر اہم فیصلے کرتے ہوئے پارٹی ارکان اسمبلی اور سینیٹرز کو بجٹ کی حمایت کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کی دعوت پر ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں عامر ڈوگر، جنید اکبر اور دیگر سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس کے شرکا نے بنوں میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت کی، جبکہ اعجاز چوہدری، محمود الرشید، عمر چیمہ اور یاسمین راشد سے متعلق عدالتی فیصلوں پر افسوس کا اظہار بھی کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں بانی چیئرمین کی رہائی کے لیے مختلف قانونی اور سیاسی آپشنز کا جائزہ لیا گیا۔ اس سلسلے میں بجٹ اجلاس کے فوراً بعد اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ متوقع اجلاس میں اپوزیشن اتحاد کی اہم شخصیات، جن میں محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس شامل ہیں، شرکت کر سکتے ہیں۔ اس اجلاس میں بانی چیئرمین کی رہائی کے لیے جامع اور مؤثر حکمت عملی مرتب کیے جانے کا امکان ہے۔

اجلاس کے دوران بیرسٹر گوہر نے پارٹی اراکین کو بجٹ کے معاملے پر متحد رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی اور صوبائی حکومت بانی چیئرمین کی امانت ہیں اور ان کی حفاظت اور استحکام پارٹی کی ذمہ داری ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق پارٹی کی جانب سے بجٹ کی حمایت اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی سے متعلق یہ فیصلے آنے والے دنوں میں ملکی سیاست پر اہم اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔