عبدالغفار
وزیر برائے قبائلی امور مبارک زیب نے کہا ہے کہ باجوڑ میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ شہید ریحان زیب خان کے وژن کے مطابق باجوڑ کو سرسبز و شاداب بنایا جائے گا، جہاں ہر کام میرٹ اور برابری کی بنیاد پر انجام دیا جائے گا۔
مبارک زیب نے کہا کہ قبائلی اضلاع خصوصاً باجوڑ میں میگا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور قبائلی عوام کی محرومیوں کا ازالہ ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، روزگار، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جا چکی ہے۔
وزیر برائے قبائلی امور نے مزید کہا کہ یہ سفر ابھی ابتدا ہے، ان شاء اللہ بہت جلد باجوڑ ترقی یافتہ اور خوشحال علاقوں کی صف میں شامل ہوگا۔ انہوں نے عوام سے دعاؤں اور تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مل کر شہید ریحان زیب خان کے خواب کو حقیقت میں بدلا جائے گا۔