حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
کینیڈا کی تاریخی فتح، قطر کو چھ صفر سے شکت دی Home / کھیل /

کینیڈا کی تاریخی فتح، قطر کو چھ صفر سے شکت دی

ایڈیٹر - 19/06/2026
کینیڈا کی تاریخی فتح، قطر کو چھ صفر سے شکت دی

وینکوور: فیفا عالمی کپ 2026 کے گروپ بی میں کینیڈا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قطر کو صفر کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دے کر عالمی کپ کی تاریخ میں اپنی پہلی کامیابی اپنے نام کر لی۔

بی سی پلیس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں میزبان ٹیم نے آغاز سے ہی حریف پر دباؤ برقرار رکھا اور 16ویں منٹ میں سائل لارین کے گول کی بدولت برتری حاصل کر لی۔ بعد ازاں جوناتھن ڈیوڈ نے پہلے ہاف میں دو مزید گول اسکور کرکے کینیڈا کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی، جس کے نتیجے میں وقفے تک اسکور تین صفر رہا۔

میچ کے دوسرے ہاف میں ایک افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب کینیڈا کے مڈفیلڈر اسماعیل کونے قطر کے عاصم مدیبو کے سخت ٹیکل کے نتیجے میں شدید زخمی ہو گئے۔ ٹکر کے بعد وہ میدان میں گر پڑے اور شدید تکلیف میں دکھائی دیے، جس پر طبی عملے کو فوری طور پر میدان میں طلب کیا گیا۔

ابتدائی طبی امداد کے بعد اسماعیل کونے کو اسٹریچر کے ذریعے میدان سے باہر منتقل کیا گیا۔ اس دوران وہ آکسیجن سپورٹ پر تھے اور شائقین کے نعروں کا جواب ہاتھ ہلا کر دیتے رہے۔

واقعے کے بعد ویڈیو جائزے میں عاصم مدیبو کے ٹیکل کو خطرناک قرار دیتے ہوئے ان کا پیلا کارڈ ریڈ کارڈ میں تبدیل کر دیا گیا۔ اس سے قبل قطر کے ہومام احمد بھی میدان بدر ہو چکے تھے، جس کے باعث قطری ٹیم کو نو کھلاڑیوں کے ساتھ میچ مکمل کرنا پڑا۔

عددی برتری کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے کینیڈا نے مزید حملے کیے۔ زخمی اسماعیل کونے کے متبادل کے طور پر میدان میں آنے والے ناتھن سلیبا نے 64ویں منٹ میں شاندار فری کک پر گول کرکے اسکور چار صفر کر دیا۔ گول کے بعد انہوں نے اسماعیل کونے کی جرسی اٹھا کر زخمی ساتھی کے ساتھ اظہارِ یکجہتی بھی کیا۔

اس کے بعد جیکب شیفلبرگ کے حملے کے دوران قطر کے دفاعی کھلاڑی محمد مناعی سے گیند اپنے ہی جال میں چلی گئی، جس سے اسکور پانچ صفر ہو گیا۔

میچ کے اضافی وقت میں جوناتھن ڈیوڈ نے اپنا تیسرا گول اسکور کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک مکمل کی اور کینیڈا کی چھ صفر کی یادگار فتح پر مہر ثبت کر دی۔

اس تاریخی کامیابی کے ساتھ کینیڈا نے نہ صرف عالمی کپ میں اپنی پہلی فتح حاصل کی بلکہ گروپ مرحلے میں اپنی پوزیشن بھی مضبوط بنا لی، جبکہ قطر کو ٹورنامنٹ میں سخت دھچکے کا سامنا کرنا پڑا۔