فیفا عالمی کپ 2026 کے سلسلے میں 18 جون کی صبح کھیلے گئے اہم مقابلے میں کولمبیا نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اُزبکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔
میچ کے پہلے ہاف میں کولمبیا نے ابتدا ہی سے جارحانہ حکمت عملی اپنائے رکھی۔ ٹیم کو پہلا گول 40ویں منٹ میں ڈینیئل مونوز نے دلایا، جس کے باعث وقفے تک کولمبیا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول کی برتری حاصل رہی۔
دوسرے ہاف میں کولمبیا نے اپنی برتری مزید مستحکم کرتے ہوئے دو مزید گول اسکور کیے۔ لوئس دیاز نے ٹیم کے لیے دوسرا گول کیا، جبکہ تیسرا گول جمینٹن نے اسکور کرکے اُزبکستان کی واپسی کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
دوسری جانب پرتگال اور کانگو کے درمیان ہونے والا مقابلہ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک، ایک گول سے برابر رہا۔ میچ کے دونوں گول پہلے ہاف میں کیے گئے جبکہ دوسرے ہاف میں دونوں ٹیمیں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔
اس سے قبل کھیلے گئے ایک اور میچ میں گھانا نے آخری لمحات میں گول کرکے پاناما کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔ مقررہ وقت کے اختتامی مراحل میں کیا گیا یہ گول گھانا کی کامیابی کا سبب بنا اور ٹیم نے قیمتی تین پوائنٹس اپنے نام کر لیے۔