آل پاکستان انٹر یونیورسٹی باسکٹ بال چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی
یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے ٹرافی اپنے نام کرلی
پشاور (محمد عاصم) ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس، پشاور یونیورسٹی کے زیراہتمام اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے تعاون سے منعقدہ آل پاکستان انٹر یونیورسٹی باسکٹ بال چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی۔ فائنل میں یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے انتہائی سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے بعد لاہور یونیورسٹی کو 68-69 سے شکست دے کر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
تیسری پوزیشن کے میچ میں پنجاب یونیورسٹی نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اسلام آباد کو شکست دے کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر سپورٹس پشاور یونیورسٹی اور سابق انٹرنیشنل ایتھلیٹ بحرکرم تھے، جنہوں نے فاتح اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور نقد انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر سابق انٹرنیشنل باسکٹ بال کھلاڑی محمد علی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس سجاد خان، محمد رضوان اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بحرکرم نے کہا کہ پشاور یونیورسٹی ملک میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے بین الجامعاتی مقابلے نہ صرف کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں بلکہ مختلف صوبوں اور تعلیمی اداروں کے طلبہ کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کو بھی فروغ دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیمپئن شپ میں شریک تمام ٹیموں نے اعلیٰ معیار کا کھیل پیش کیا اور یہ امر خوش آئند ہے کہ ملک میں باسکٹ بال کے کھیل کا معیار مسلسل بہتر ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پشاور یونیورسٹی نوجوان کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 12 جامعات کی ٹیموں نے شرکت کی۔ ٹورنامنٹ کے دوران ایچ ای سی باسکٹ بال ٹیم کے لیے بھی باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا، جو آئندہ قومی چیمپئن شپ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی نمائندگی کریں گے۔