حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آندھی اور بارش سے تباہی، درخت اور کھمبے گرنے سے، 7 افراد زخمی Home / ماحولیات /

آندھی اور بارش سے تباہی، درخت اور کھمبے گرنے سے، 7 افراد زخمی

ایڈیٹر - 17/06/2026
 آندھی اور بارش سے تباہی، درخت اور کھمبے گرنے سے، 7 افراد زخمی

رحیم یار خان: پنجاب کے ضلع رحیم یار خان اور اس کے نواحی علاقوں میں تیز آندھی اور بارش نے معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے۔ شدید موسمی صورتحال کے باعث متعدد دیواریں، درخت، بجلی کے کھمبے اور اشتہاری بورڈ گر گئے، جبکہ مختلف حادثات میں ایک خاتون سمیت سات افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق تیز ہواؤں کے نتیجے میں کئی مقامات پر بجلی کے کھمبے گرنے سے بجلی کی فراہمی بھی شدید متاثر ہوئی اور متعدد علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔ انتظامیہ اور امدادی اداروں کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں اور آندھی کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، پنجاب، بالائی سندھ اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ادھر ملک کے مختلف شہروں میں گرمی کی شدت بھی برقرار ہے۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت بلوچستان کے شہر سبی میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق دادو میں 46، سکھر اور نواب شاہ میں 43، ملتان اور چلاس میں 40، گلگت میں 39، پشاور، بنوں، کوئٹہ اور مظفرآباد میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جبکہ لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 اور کراچی و اسلام آباد میں 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین موسمیات نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، کمزور عمارتوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔