حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایرلنگ ہالینڈ کے ڈبل وار سے ناروے کی شاندار فتح، عراق کو 1-4 سے شکست Home / کھیل /

ایرلنگ ہالینڈ کے ڈبل وار سے ناروے کی شاندار فتح، عراق کو 1-4 سے شکست

ایڈیٹر - 17/06/2026
ایرلنگ ہالینڈ کے ڈبل وار سے ناروے کی شاندار فتح، عراق کو 1-4 سے شکست

بوسٹن: اسٹار اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ کی شاندار کارکردگی کی بدولت ناروے نے اپنے افتتاحی میچ میں عراق کو 1-4 سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔

میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور شائقین کو سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ ناروے نے 29ویں منٹ میں برتری حاصل کی جب ایرلنگ ہالینڈ نے شاندار گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلائی۔

عراق نے ہمت نہ ہاری اور صرف 10 منٹ بعد ایمن حسین نے گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ تاہم پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں ہالینڈ ایک مرتبہ پھر حریف دفاع کو چکمہ دیتے ہوئے گیند جال میں پہنچانے میں کامیاب رہے اور ناروے کو دوبارہ برتری دلادی۔

پہلا ہاف ناروے کے حق میں 1-2 کے اسکور پر اختتام پذیر ہوا۔

دوسرے ہاف میں بھی ناروے کا دباؤ برقرار رہا اور 76ویں منٹ میں لیو اوسٹی گارڈ نے ٹیم کے لیے تیسرا گول اسکور کرکے فتح تقریباً یقینی بنا دی۔ میچ کے آخری لمحات میں عراق کی جانب سے ایک اون گول بھی ہوگیا، جس کے بعد اسکور 1-4 ہوگیا۔

ریفری کی اختتامی سیٹی تک اسکور میں کوئی تبدیلی نہ آئی اور ناروے نے شاندار فتح کے ساتھ ایونٹ میں اپنے سفر کا آغاز کیا، جبکہ ایرلنگ ہالینڈ کو دو گول کرنے پر میچ کا نمایاں کھلاڑی قرار دیا گیا۔