حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ملک بھر کے لیے موسم کی نئی ایڈوائزری جاری؛ کہیں شدید گرمی کا راج تو کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان۔ Home / پاکستان,ماحولیات /

ملک بھر کے لیے موسم کی نئی ایڈوائزری جاری؛ کہیں شدید گرمی کا راج تو کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان۔

ایڈیٹر - 17/06/2026
ملک بھر کے لیے موسم کی نئی ایڈوائزری جاری؛ کہیں شدید گرمی کا راج تو کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان۔

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے لیے موسم کی تازہ ترین تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق پاکستان کے مختلف حصوں میں موسمی صورتحال انتہائی متنوع رہے گی۔ رپورٹ کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، تاہم پسماندہ پہاڑی سلسلوں، جنوبی پنجاب، جنوبی بلوچستان، سندھ اور کشمیر کے چند مقامات پر تیز ہواؤں، گرد آلود آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں بدھ کے روز موسم گرم اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، تاہم دوپہر کے بعد تیز ہوائیں چلنے اور چند مقامات پر بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

صوبائی تفصیلا ت کے مطابق پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا لیکن مری، گلیات، جہلم، قصور، ملتان، راجن پور، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور بہاولپور میں دوپہر کے بعد آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے اضلاع کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، سوات اور وزیرستان میں بھی بارش کی توقع ہے۔ سندھ کے اضلاع کشمور، جیکب آباد، شکارپور، لاڑکانہ اور دادو جبکہ بلوچستان کے علاقوں بارکھان، ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد اور خضدار میں تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برسنے کے امکانات ہیں۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

دوسری جانب ملک کے جنوبی اور مغربی حصوں میں شدید ہیٹ ویو اور گرمی کی لہر برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے ریکارڈ کے مطابق آج ملک کا گرم ترین علاقہ نوکنڈی رہا جہاں پارہ 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جبکہ سبی اور دادو میں 47 ڈگری، اور دالبندین و جیکب آباد میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شدید گرمی کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز کریں اور آندھی و گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔