سان فرانسسکو: فیفا ورلڈ کپ کے تیسرے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں قطر نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے سوئٹزرلینڈ کے خلاف مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر کر دیا اور میگا ایونٹ کی تاریخ میں پہلی بار ایک قیمتی پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔
میچ کے آغاز سے ہی سوئٹزرلینڈ کی ٹیم کھیل پر حاوی دکھائی دی اور اس نے قطری دفاع پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ سوئس کھلاڑیوں نے کئی خطرناک حملے کیے اور حریف ٹیم کو دفاعی کھیل پر مجبور کیے رکھا۔
پہلے ہاف کے 17ویں منٹ میں سوئٹزرلینڈ کو ایک فاؤل کے نتیجے میں پنالٹی کک ملی، جسے اسٹار فارورڈ بریل ایمبولو نے کامیابی سے گول میں تبدیل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی۔
پہلے ہاف کے اختتام تک یہی اسکور برقرار رہا، تاہم دوسرے ہاف میں قطر نے جارحانہ انداز اپنایا اور برابر کرنے کے لیے متعدد حملے کیے۔ میچ کے آخری لمحات میں قطری ٹیم کی محنت رنگ لے آئی جب ایک خوبصورت موو پر بوعلام خوخی نے شاندار ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا دی اور مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر کر دیا۔
قطر کے برابر کرنے کے بعد دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول کی کوشش کی، لیکن مقررہ وقت تک کوئی بھی ٹیم دوبارہ اسکور نہ کر سکی اور میچ ایک، ایک گول کی برابری پر ختم ہوگیا۔
اس ڈرا کے ساتھ قطر نے نہ صرف مضبوط حریف سوئٹزرلینڈ سے ایک اہم پوائنٹ حاصل کیا بلکہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں اپنا پہلا پوائنٹ بھی اپنے نام کر لیا، جسے قطری فٹ بال کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔