حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبرپختونخوا میں بارش اور آندھی نے تباہی مچا دی، 7 افراد جاں بحق، 33 زخمی ، گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا Home / ماحولیات /

خیبرپختونخوا میں بارش اور آندھی نے تباہی مچا دی، 7 افراد جاں بحق، 33 زخمی ، گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا

ایڈیٹر - 14/06/2026
خیبرپختونخوا میں بارش اور آندھی نے تباہی مچا دی، 7 افراد جاں بحق، 33 زخمی ، گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا

پشاور: خیبرپختونخوا میں شدید بارش، تیز آندھی اور خراب موسمی حالات نے تباہی مچا دی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف اضلاع میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے متعدد واقعات میں کم از کم 7 افراد جاں بحق جبکہ 33 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو بچے، چار مرد اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں سات مرد، بارہ خواتین اور چودہ بچے شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق زیادہ تر حادثات بنوں، شانگلہ اور مانسہرہ کے اضلاع میں پیش آئے، جہاں تیز ہواؤں اور بارش کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں، جس سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی اور مسلسل بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں، جس سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک سیلابی ریلوں کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

اس خدشے کے پیش نظر چترال، دیر، سوات، کوہستان اور مانسہرہ کے ڈپٹی کمشنرز کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، اس لیے ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی اور ہنگامی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو خطرناک علاقوں میں بروقت وارننگ جاری کرنے اور ضرورت پڑنے پر آبادی کے انخلاء کے انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریا کے کناروں، برساتی نالوں اور تیز بہاؤ والے مقامات سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔