حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
10 سال بعد بڑا اپ سیٹ! گلگت بلتستان نے شندور پولو فیسٹیول کا ٹائٹل چترال سے چھین لیا Home / کھیل /

10 سال بعد بڑا اپ سیٹ! گلگت بلتستان نے شندور پولو فیسٹیول کا ٹائٹل چترال سے چھین لیا

ایڈیٹر - 13/06/2026
10 سال بعد بڑا اپ سیٹ! گلگت بلتستان نے شندور پولو فیسٹیول کا ٹائٹل چترال سے چھین لیا

اپر چترال: دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ شندور میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں گلگت بلتستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چترال کو 5 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے کر شندور پولو فیسٹیول 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

فائنل میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں کے درمیان سخت اور دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ چترال نے بھرپور مزاحمت کی، تاہم گلگت بلتستان کی ٹیم نے بہترین حکمت عملی اور جارحانہ کھیل کے ذریعے فیصلہ کن برتری حاصل کر کے فتح سمیٹ لی۔

اس کامیابی کے ساتھ گلگت بلتستان نے ایک دہائی سے زائد عرصے بعد شندور پولو فیسٹیول کی ٹرافی دوبارہ اپنے نام کر لی، جس پر کھلاڑیوں، ٹیم انتظامیہ اور شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

میچ کے اختتام پر میدان جشن کا منظر پیش کرنے لگا، جہاں فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں کو شائقین نے بھرپور داد دی۔ شندور میں موجود ہزاروں تماشائیوں نے نہ صرف دلچسپ مقابلے سے لطف اٹھایا بلکہ اختتامی تقریب کی رنگا رنگ سرگرمیوں میں بھی بھرپور دلچسپی لی۔

شندور پولو فیسٹیول ملک کے سب سے بڑے ثقافتی اور کھیلوں کے میلوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں ہر سال گلگت بلتستان اور چترال کی روایتی حریف ٹیمیں شائقین کو یادگار مقابلے پیش کرتی ہیں۔ اس سال کا فائنل بھی شائقین کے لیے ایک ناقابلِ فراموش ایونٹ ثابت ہوا۔