حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
انگلینڈ ویمنز کا ورلڈ کپ میں دھماکا، سری لنکا کو 87 رنز سے شکست Home / کھیل /

انگلینڈ ویمنز کا ورلڈ کپ میں دھماکا، سری لنکا کو 87 رنز سے شکست

ایڈیٹر - 13/06/2026
انگلینڈ ویمنز کا ورلڈ کپ میں دھماکا، سری لنکا کو 87 رنز سے شکست

برمنگھم: آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں میزبان انگلینڈ نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 87 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔

برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 219 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ کھڑا کیا۔ انگلش اوپنرز ایمی جونز اور ڈینی وائٹ ہوج نے ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 135 رنز جوڑے۔

ایمی جونز 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئیں، جبکہ ڈینی وائٹ ہوج نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 61 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ وہ 62 گیندوں پر 105 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہیں، ان کی اننگز میں 13 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ کپتان نیٹ شیور برنٹ نے بھی 46 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

220 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بیٹرز انگلینڈ کی مضبوط بولنگ کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکیں۔ وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم اننگز کی آخری گیند پر 132 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

سری لنکا کی جانب سے نیلاک شیکا سلووا 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔

انگلینڈ کی طرف سے فریا کیمپ نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ سوفی ایکلسٹون اور چارلی ڈین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ ویمنز ٹیم نے ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز کرتے ہوئے اپنے حریفوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔