پاکستان فٹبال کے لیے تاریخی پیش رفت؛ قومی ٹیم کو افتتاحی فیفا آسیان کپ میں شرکت کی باضابطہ دعوت، ستمبر میں انڈونیشیا میں مقابلہ ہوگا
اسلام آباد / لاہور: پاکستان فٹبال کے افق پر ایک نیا اور تاریخی باب روشن ہو گیا ہے جہاں قومی فٹبال ٹیم کو افتتاحی "فیفا آسیان کپ" میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی (فیفا) کی جانب سے موصول ہونے والی اس اہم دعوت کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے ایونٹ میں قومی اسکواڈ کی شرکت کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔
افتتاحی فیفا آسیان کپ رواں سال 21 ستمبر سے 6 اکتوبر تک انڈونیشیا میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق پاکستان کو ڈویژن ون میں رکھا گیا ہے جہاں قومی شاہینوں کو روایتی حریف بھارت، میزبان انڈونیشیا، ملائشیا، فلپائن، سنگاپور اور تھائی لینڈ جیسی مضبوط اور تجربہ کار ٹیموں کا سخت چیلنج درپیش ہوگا۔ یہ ٹورنامنٹ پاکستان فٹبال کی تاریخ میں اس لیے بھی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ یہ پہلا موقع ہے جب ملکی ٹیم ورلڈ کپ یا ایشین کوالیفائرز کے روایتی دائرہ کار سے باہر فیفا کے کسی بڑے بین الاقوامی ایونٹ کا حصہ بن رہی ہے۔
فٹبال حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اس باوقار ٹورنامنٹ میں شامل کرانے میں پی ایف ایف کے صدر محسن گیلانی کے فیفا حکام کے ساتھ قریبی و ذاتی تعلقات اور فعال سفارتی روابط نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ کھیل کے ماہرین کے مطابق، اس اعلیٰ سطح کے ٹورنامنٹ میں شرکت سے پاکستانی کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے ڈھانچے میں کھیلنے کا تجربہ حاصل ہوگا، جس سے نہ صرف ان کی صلاحیتوں میں نکھار آئے گا بلکہ عالمی رینکنگ میں بہتری اور پاکستان فٹبال کے روشن مستقبل کی راہیں بھی ہموار ہوں گی۔