پشاور / لاہور: خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید آندھی، گرد آلود ہواؤں اور موسلادھار بارشوں نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے، جبکہ مختلف حادثات میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے اور متعدد زخمی ہو گئے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بنوں میں تیز ہواؤں اور شدید بارش کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ادھر ڈیرہ اسماعیل خان میں مسلسل بارش کے باعث ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی، جس سے نشیبی علاقوں میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پنجاب کے مختلف شہروں، جن میں لاہور، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ اور سیالکوٹ شامل ہیں، بارش اور تیز ہواؤں کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
شدید ہواؤں کے باعث مختلف مقامات پر درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جبکہ شمسی توانائی کے پینلز اور دیگر تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا۔ کئی علاقوں میں دیواریں اور کمزور مکانات گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خراب موسم کے دوران خستہ حال عمارتوں، کمزور دیواروں اور غیر محفوظ مقامات سے دور رہیں۔ ادارے کے مطابق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بھی بعض علاقوں میں مزید بارشوں اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا مشورہ دیا ہے۔