ورنٹو: فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں میزبان کینیڈا اور بوسنیا کے درمیان سخت مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر رہا، جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ پر اکتفا کرنا پڑا۔
ٹورنٹو میں ہونے والے اس دلچسپ مقابلے میں کینیڈا نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور حریف ٹیم کے دفاع پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا، تاہم پہلا گول بوسنیا کے حصے میں آیا۔
میچ کے 21ویں منٹ میں بوسنیا کے فارورڈ جووو لوکچ نے شاندار موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کو جال کی راہ دکھائی اور اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ پہلے ہاف کے اختتام تک بوسنیا کو ایک صفر کی سبقت حاصل رہی۔
دوسرے ہاف میں کینیڈا نے میچ میں واپسی کے لیے بھرپور کوششیں کیں اور متعدد حملے کیے، لیکن بوسنیا کا دفاع کافی دیر تک میزبان ٹیم کے راستے میں رکاوٹ بنا رہا۔
کینیڈا کو بالآخر 79ویں منٹ میں کامیابی ملی جب گائل نے شاندار شاٹ کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچا کر اسکور برابر کر دیا، جس پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین خوشی سے جھوم اٹھے۔
برابری کے گول کے بعد دونوں ٹیموں نے فتح حاصل کرنے کے لیے جارحانہ کھیل پیش کیا، تاہم مقررہ وقت تک کوئی بھی ٹیم دوسرا گول نہ کر سکی اور مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر ختم ہوگیا۔
اس دلچسپ نتیجے کے بعد دونوں ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں اپنا کھاتہ ایک، ایک پوائنٹ کے ساتھ کھول لیا، جبکہ شائقین کو ایک سنسنی خیز اور بھرپور مقابلہ دیکھنے کو ملا۔