حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پاکستان سیالکوٹ کے "فیوچر اسپورٹس" میں تیار کردہ چارج ایبل ’ٹرائی اونڈا‘ فٹبال فیفا ورلڈکپ میں توجہ کا مرکز بن گیا Home / کھیل /

پاکستان سیالکوٹ کے "فیوچر اسپورٹس" میں تیار کردہ چارج ایبل ’ٹرائی اونڈا‘ فٹبال فیفا ورلڈکپ میں توجہ کا مرکز بن گیا

ایڈیٹر - 12/06/2026
 پاکستان سیالکوٹ کے

فٹبال کی دنیا میں ٹیکنالوجی کا ایک اور بڑا قدم سامنے آگیا ہے، جہاں ورلڈ کپ 2026 میں استعمال ہونے والی آفیشل میچ بال جدید ترین ٹریکنگ نظام سے لیس ہوگی اور ہر میچ سے قبل اسے چارج کرنا ضروری ہوگا۔

نئی فٹبال میں نصب خصوصی سینسر کھیل کے دوران گیند کی رفتار، سمت، مقام اور کھلاڑیوں کے ساتھ ہونے والے ہر رابطے کا ڈیٹا حقیقی وقت میں ریکارڈ کرے گا۔ یہ نظام اسٹیڈیم میں نصب جدید کیمروں سے منسلک ہوگا جو ہر سیکنڈ میں متعدد بار معلومات جمع کرکے ریفری اور ویڈیو اسسٹنٹ ریفری نظام کو فراہم کریں گے۔

ماہرین کے مطابق اس ٹیکنالوجی سے آف سائیڈ، گول لائن اور دیگر اہم فیصلوں میں زیادہ درستگی ممکن ہوگی، جس سے متنازع فیصلوں کے امکانات نمایاں طور پر کم ہو جائیں گے۔

رپورٹس کے مطابق اس بار سینسر کو فٹبال کے ایک پینل کے اندر براہِ راست نصب کیا گیا ہے، جس کے باعث اس کی کارکردگی مزید بہتر ہو گئی ہے۔ تاہم جدید ٹیکنالوجی شامل کیے جانے کے باوجود گیند کے وزن اور توازن میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں کی گئی، لہٰذا کھلاڑی کھیل کے دوران سینسر کی موجودگی محسوس نہیں کر سکیں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس جدید فٹبال کو جرمن کمپنی ایڈیڈاس نے ڈیزائن کیا ہے جبکہ اس کی تیاری پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں قائم کمپنی ’’فیوچر اسپورٹ‘‘ کر رہی ہے۔ یہی کمپنی اس سے قبل 2014، 2018 اور 2022 کے عالمی کپ میں استعمال ہونے والی فٹبالز بھی تیار کر چکی ہے۔

ورلڈ کپ 2026 کی اس آفیشل فٹبال کو ’’ٹرائی اونڈا‘‘ کا نام دیا گیا ہے، جو تین میزبان ممالک کی نمائندگی اور اتحاد کے تصور کو اجاگر کرتا ہے۔ گیند کے ڈیزائن میں سرخ، نیلے اور سبز رنگ نمایاں ہیں، جبکہ کینیڈا، میکسیکو اور امریکا کی علامتی نشانیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

فٹبال ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ جدید گیند نہ صرف کھیل کے معیار کو بہتر بنائے گی بلکہ عالمی فٹبال میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو ایک نئی جہت بھی فراہم کرے گی۔