چترال کے بلند ترین پولو گراؤنڈ میں روایتی بادشاہوں کے کھیل پولو کے تین روزہ فیسٹیول کا شاندار آغاز ہو گیا ہے، جس میں ملک بھر اور دنیا کے مختلف حصوں سے سیاحوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی تھے، جنہوں نے ایونٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ تقریب میں مقامی افراد کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سیاحوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔
فیسٹیول کے ابتدائی میچ میں چترال اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں، جسے شائقین نے بھرپور جوش و خروش سے دیکھا۔
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں سیاحت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے سڑکوں سمیت بنیادی سہولیات کی بہتری پر توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وفاقی اداروں اور قومی شاہراہوں کے ذمہ دار ادارے سے بھی رابطے کیے جائیں گے تاکہ سیاحتی مقامات تک رسائی مزید آسان بنائی جا سکے۔