میکسیکو سٹی میں رنگا رنگ اور شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، جس میں دنیا بھر سے فٹبال شائقین اور حکام نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی کی قیادت میں دو رکنی وفد نے بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔ وفد نے افتتاحی ایونٹ اور آفیشل ڈنر میں شرکت کرتے ہوئے مختلف ممالک کے فٹبال حکام سے ملاقاتیں کیں۔
تقریب کے دوران میزبان ملک میکسیکو کے صدر نے کہا کہ یہ ورلڈ کپ تاریخ کا سب سے بڑا اور یادگار ایونٹ ہوگا، جسے کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے افتتاحی تقریب کے شاندار انعقاد پر میزبان ملک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شریک میزبان ممالک امریکہ اور کینیڈا کے انتظامات کو بھی سراہا۔
افتتاحی موقع پر عالمی فٹبال قیادت کے درمیان اہم ملاقاتیں ہوئیں، جن میں کھیل کی ترقی اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔