حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
شدید گرمی کے بعد بارشوں کی آمد، جڑواں شہروں اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان Home / ماحولیات /

شدید گرمی کے بعد بارشوں کی آمد، جڑواں شہروں اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

ایڈیٹر - 11/06/2026
شدید گرمی کے بعد بارشوں کی آمد، جڑواں شہروں اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

ملک کے مختلف علاقوں میں دن بھر کی شدید گرمی کے بعد موسم کے تیور بدلنے لگے ہیں اور محکمہ موسمیات نے جڑواں شہروں سمیت کئی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گردونواح میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی اور موسم میں خوشگوار تبدیلی متوقع ہے۔

دوسری جانب کرک اور اس کے ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد گرمی کی شدت میں واضح کمی دیکھنے میں آئی۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج سے طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔ اس حوالے سے پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔

محکمہ کے مطابق مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، چترال، دیر، سوات اور ایبٹ آباد میں شدید بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلابی صورتحال کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

اسی طرح پشاور، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت دیگر اضلاع میں آندھی اور بارش کا امکان ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔