پاکستان فٹبال ٹیم نے ڈائمنڈ جوبلی چار ملکی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ فائنل میں پاکستان نے افغانستان کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
میچ کے 24ویں منٹ میں شائق دوست نے شاندار گول کر کے پاکستان کو برتری دلائی، جبکہ دوسرا گول ایکسٹرا ٹائم میں کیا گیا جس نے قومی ٹیم کی فتح کو یقینی بنا دیا۔
پاکستان نے پورے ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ گروپ مرحلے میں قومی ٹیم نے مالدیپ اور افغانستان کو شکست دی، جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ برابر رہا۔
یہ کامیابی اس لحاظ سے بھی تاریخی ہے کہ پاکستان نے 64 سال بعد کسی بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتا ہے۔ قومی ٹیم آخری بار 1962 میں مردیکا کپ کے فائنل تک پہنچی تھی۔
صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن محسن گیلانی نے ٹیم کی شاندار کامیابی پر کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور قوم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے قومی ٹیم کے لیے خصوصی انعام کا بھی اعلان کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ کامیابی پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔
قومی ٹیم کی تاریخی فتح پر شائقین فٹبال میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور سوشل میڈیا پر کھلاڑیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔