رکین مکتب نمبر 22 کے معلم کی خصوصی ملاقات، حج 2026 کے انتظامات پر بریفنگ اور بہترین خدمات کے اعتراف میں صفاء مکہ حج و عمرہ ٹریولز اسلام آباد سےحاجی نعیم اللہ خان کو خصوصی شیلڈ پیش
مکہ مکرمہ ( نمائندہ خصوصی سے) پرائیویٹ حج اسکیم 2026 کے دوران حجاجِ کرام کی خدمت اور حج انتظامات کے حوالے سے مکتب نمبر 22 کے معلم جناب ہاتن فیراگ نے اپنے دفتر میں ایک خصوصی ملاقات کا اہتمام کیا، جس میں مکتب کے ترجمان جناب محمد ناصر بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران معلم مکتب نے حج 2026 کے انتظامات، حجاجِ کرام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور سعودی حکومت کی جانب سے کیے گئے غیر معمولی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وزارت الحج کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اس سال حجاجِ کرام کے آرام، تحفظ اور سہولت کو اولین ترجیح دی گئی، جس کے نتیجے میں منیٰ، عرفات، مزدلفہ اور جمرات سمیت تمام شعائر مقدسہ میں بہترین انتظامات دیکھنے میں آئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شدید موسمی حالات کے باوجود حجاج کے لیےکھانے پینے۔ ٹھنڈے پانی، سایہ دار راستوں، جدید طبی سہولیات، مؤثر ٹرانسپورٹ نظام، صفائی کے اعلیٰ انتظامات اور رہنمائی کی بہترین سہولیات فراہم کی گئیں، جس سے لاکھوں عازمینِ حج نے اپنے مناسک نہایت اطمینان اور سکون کے ساتھ ادا کیے۔
اس موقع پر جناب ہاتن فیراگ نے اپنے کلسٹر میں شامل حجاجِ کرام کی خدمت، رہنمائی اور بہترین انتظامی کارکردگی کے اعتراف میں خصوصی شیلڈ پیش کی۔ انہوں نے اپنے ہاتھوں سے یہ شیلڈ عطا کرتے ہوئے کہا کہ حجاجِ کرام کی خدمت ایک عظیم امانت اور باعثِ سعادت فریضہ ہے، اور جو افراد اخلاص اور ذمہ داری کے ساتھ اس خدمت کو انجام دیتے ہیں وہ قابلِ تحسین ہیں۔
ملاقات میں اس امر پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ پاکستانی نجی حج آرگنائزرز نے رواں سال بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ حجاجِ کرام کی بروقت رہنمائی، رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں نمایاں خدمات سرانجام دی گئیں، جس کے مثبت اثرات پورے حج آپریشن کے دوران محسوس کیے گئے۔
شرکاء نے خادم الحرمین الشریفین، سعودی ولی عہد، وزارتِ حج و عمرہ اور سعودی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حجاجِ کرام کی خدمت کے لیے جس جذبے، منصوبہ بندی اور انتظامی مہارت کا مظاہرہ کیا گیا وہ قابلِ ستائش ہے۔ جدید ٹیکنالوجی، بہترین نظم و نسق اور مسلسل نگرانی کے باعث حج 2026 کو کامیاب، منظم اور محفوظ بنانے میں اہم کامیابی حاصل ہوئی۔
ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ آئندہ بھی حجاجِ کرام کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنایا جائے گا اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ اس موقع پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ تمام حجاجِ کرام کا حج قبول فرمائے، سعودی حکومت کی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے اور تمام خدمت گزاروں کو اپنی رضا اور خوشنودی عطا فرمائے۔ آمین۔