پاکستان سپورٹس بورڈ پشاور کے کے جمنازیم ہال میں جاری نیشنل جونیئر والی بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل مقابلے مکمل ہو گئے۔ ٹورنامنٹ میں چاروں صوبائی ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، تاہم فائنل لائن اپ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے درمیان طے پائی ہے۔پہلا سیمی فائنل پنجاب اور آزاد کشمیر کے درمیان کھیلا گیا، جس میں پنجاب کی ٹیم نے یکطرفہ مقابلے کے بعد 3-0 سے کامیابی حاصل کی۔ پنجاب نے میچ کے آغاز سے ہی مکمل کنٹرول قائم رکھا، مضبوط سروس اور مو¿ثر اٹیک کے باعث آزاد کشمیر کی ٹیم میچ میں واپسی نہ کر سکی۔ تینوں سیٹس میں پنجاب کی برتری واضح رہی۔
دوسرے سیمی فائنل میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں۔ خیبرپختونخوا نے عمدہ ٹیم ورک اور جارحانہ کھیل کے ذریعے میچ اپنے نام کیا اور فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔بلوچستان کی ٹیم نے کچھ لمحات میں مزاحمت دکھائی، مگر مسلسل غلطیوں اور کمزور ریسیو کی وجہ سے وہ میچ میں برتری حاصل نہ کر سکی۔ اس طرح نیشنل جونیئر والی بال چیمپئن شپ کا فائنل اب پنجاب اور خیبرپختونخوا کے درمیان کھیلا جائے گا، جو کہ ٹورنامنٹ کا سب سے اہم مقابلہ ہوگا۔پشاور میں جاری یہ ایونٹ نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہو رہا ہے۔ تاہم اب تمام نظریں فائنل پر مرکوز ہیں جہاں دونوں مضبوط ٹیمیں ٹائٹل کے لیے میدان میں اتریں گی۔