حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
شاہین شاہ افریدی کے ٹیسٹ کریئر خطرے میں، دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلیڈ کے سکواڈز سے باہر رکھنے کا امکان Home / کھیل /

شاہین شاہ افریدی کے ٹیسٹ کریئر خطرے میں، دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلیڈ کے سکواڈز سے باہر رکھنے کا امکان

ایڈیٹر - 08/06/2026
شاہین شاہ افریدی کے ٹیسٹ کریئر خطرے میں، دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلیڈ  کے سکواڈز سے باہر رکھنے کا امکان

لاہور: پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ افریدی  کے ٹیسٹ مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے، کیونکہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے آئندہ ٹیسٹ دوروں کے لیے انہیں نظرانداز کیے جانے کے امکانات مضبوط ہوتے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے ریڈ بال کرکٹ کی تیاریوں کے لیے اعلان کردہ 22 رکنی تربیتی کیمپ میں شاہین آفریدی کو شامل نہیں کیا گیا۔ اطلاعات ہیں کہ انہیں آگاہ کر دیا گیا ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں عدم شرکت کے باعث انہیں آئندہ ٹیسٹ دوروں کے لیے زیر غور نہیں لایا جا رہا۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ گزشتہ برس بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاہین آفریدی کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا، حالانکہ اس وقت بھی فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی شرکت محدود تھی۔ اس صورتحال نے سلیکشن پالیسی پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق شاہین آفریدی نے اپنے آخری 16 ٹیسٹ میچز میں 60 وکٹیں حاصل کی ہیں، جبکہ 2021 میں ویسٹ انڈیز کے دورے پر دو ٹیسٹ میچز میں مجموعی طور پر 18 وکٹیں لے کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ اس سیریز میں انہوں نے ایک میچ میں آٹھ اور دوسرے میں دس وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز نوجوان فاسٹ بولرز کو مواقع دینے کے خواہاں ہیں اور اسی حکمت عملی کے تحت محمد علی اور عبید شاہ کو زیر غور لایا جا رہا ہے، جنہوں نے حالیہ ڈومیسٹک اور لیگ کرکٹ میں متاثر کن کارکردگی دکھائی ہے۔

مزید برآں محمدعباس، عامر جمال اور خرم شہزاد  بھی ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ بنانے کے مضبوط امیدواروں میں شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے ٹیسٹ دوروں کے لیے منتخب نہیں کیے جائیں گے۔ کرکٹ حلقوں کا خیال ہے کہ ماضی میں انہیں زیادہ تر ایشیائی کنڈیشنز میں استعمال کیا جاتا رہا، تاہم اب غیر ملکی سازگار پچز پر بھی انہیں نظرانداز کرنے کی حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ شاہین آفریدی اپنے 34 ٹیسٹ میچز کے کیریئر میں 126 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور وہ پاکستان کے اہم ترین فاسٹ بولرز میں شمار ہوتے ہیں۔

پاکستان کا ریڈ بال تربیتی کیمپ 8 جون سے 10 جولائی تک جاری رہے گا، جبکہ قومی ٹیم 25 جولائی سے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز کرے گی۔ اس کے بعد انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز 19 اگست سے شروع ہوگی، جس کے لیے اسکواڈ کے انتخاب پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔