دریائے پنجکوڑہ میں ڈوبنے والے باجوڑ کے نوجوان کی جسد خاکی ملاکنڈ سے برآمد، ریسکیو 1122 باجوڑ نے میت آبائی گاؤں منتقل کر دی۔ چند روز قبل لوئر دیر کے علاقے شگوکس زولم پل کے قریب دریائے پنجکوڑہ میں ڈوب کر لاپتہ ہونے والے 16 سالہ نوجوان عباس خان (سکنہ باجوڑ) کی جسدِ خاکی ملاکنڈ کے علاقے سے برآمد کر لی گئی ہے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ملاکنڈ ناصر خان کی ہدایت پر ریسکیو 1122 ملاکنڈ کی غوطہ خور ٹیم نے دریا میں مسلسل سرچ آپریشن جاری رکھا ہوا تھا۔ طویل اور انتھک تلاش کے بعد اتوار کے دن ریسکیو ملاکنڈ کے غوطہ خوروں نے ''بوساق گرداو ڈب'' کے مقام پر دریا سے نوجوان کی جسد خاکی کو بحفاظت برآمد کیا۔ملاکنڈ سے میت کی منتقلی کے بعد، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باجوڑ امجد خان کی خصوصی ہدایت پر ریسکیو 1122 باجوڑ کی ٹیم نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال (DHQ) خار باجوڑ پہنچ کر نوجوان عباس خان مرحوم کی جسدِ خاکی کو اپنے مروجہ طریقہ کار کے مطابق وصول کیا۔ریسکیو 1122 باجوڑ کی میڈیکل ٹیم نے تمام تر ضابطوں کو پورا کرنے کے بعد میت کو ریسکیو ایمبولینس کے ذریعے انتہائی احترام کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں ''ناوی ڈنڈ'' روانہ کر دیا، جہاں اسے غمزدہ لواحقین کے حوالے کیا گیا۔ بعد ازاں مرحوم کی نماز جنازہ خار سکول گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔