باجوڑ۔شہید ضیاء سلارزئی کی یاد میں تعزیتی و دعائیہ تقریب، ورور ولی کفالت منصوبے کی جانب سے اہلِ خانہ کو 5 لاکھ روپے کا امدادی چیک پیش۔
تفصیلات کے مطابق کمیونٹی وولنٹیر نیٹ ورک (CVN) اور ورور ولی کفالت منصوبے کے زیر اہتمام شہید ضیاء سلارزئی مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے ایک پروقار تعزیتی و دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سماجی کارکنوں، رضاکاروں، عمائدینِ علاقہ، دوست احباب اور مرحوم کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔تقریب کے دوران ورور ولی کفالت منصوبے کی جانب سے شہید ضیاء سلارزئی مرحوم کے بڑے صاحبزادے مصباح سلارزئی کو 5 لاکھ روپے کا امدادی چیک پیش کیا گیا۔ اس موقع پر مصباح سلارزئی نے اپنے والد مرحوم کی انسان دوستی اور خدمتِ خلق کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے یہ رقم واپس سی وی این کو دینے کی پیشکش کی تاکہ اسے بیواؤں اور دیگر مستحق افراد پر خرچ کیا جا سکے۔ تاہم سی وی این کی قیادت اور ممبران نے ان کی یہ پیشکش شکریے کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ رقم مرحوم ضیاء سلارزئی اور ان کے یتیم بچوں کا حق ہے، جسے ہر صورت ان کے خاندان تک پہنچایا جائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجمن معذوران کے صدر نے کمیونٹی وولنٹیر نیٹ ورک کے فلاحی اور سماجی منصوبوں کو سراہا اور کہا کہ ایسے ادارے معاشرے کے کمزور طبقات کے لیے امید کی کرن ہیں۔ انہوں نے مرحوم ضیاء سلارزئی کی سماجی خدمات کو بھی زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔مرحوم کے قریبی دوست ذاہد جان نے ضیاء سلارزئی کی زندگی، جدوجہد اور خدمتِ خلق کے سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اپنی زندگی انسانیت کی خدمت، ضرورت مندوں کی مدد اور معاشرتی بھلائی کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ ان کی جدائی ایک ایسا نقصان ہے جس کا خلا طویل عرصے تک محسوس کیا جاتا رہے گا۔تقریب کے اختتام پر شہید ضیاء سلارزئی مرحوم کے ایصالِ ثواب اور درجاتِ بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ شرکاء نے کمیونٹی وولنٹیر نیٹ ورک اور ورور ولی کفالت منصوبے کی فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مرحوم کے مشنِ خدمت کو جاری رکھا جائے گا۔شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ضیاء سلارزئی جیسے مخلص اور بے لوث کارکن جسمانی طور پر ہم سے جدا ہو سکتے ہیں، لیکن ان کی خدمات، کردار اور انسان دوستی کی روشن مثالیں ہمیشہ زندہ رہیں گی