واشنگٹن : امریکا نے سفارتی کھینچا تانی اور سفری پابندیوں کی طویل تاریخ کے باوجود رواں ماہ شروع ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے ایرانی قومی فٹبال ٹیم کو ویزے جاری کر دیے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ حکام نے اس غیر معمولی پیش رفت کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے گفتگو کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس کے ایک اہم اہلکار نے بتایا کہ ایرانی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کو امریکا آمد اور میگا ایونٹ کا حصہ بننے کے لیے قانونی ویزے فراہم کر دیے گئے ہیں۔
اس توثیق سے قبل صورتحال کافی غیر یقینی تھی، کیونکہ میکسیکو میں تعینات ایرانی سفیر ابوالفضل پسندیدہ نے جمعرات کی رات گلہ کیا تھا کہ تاحال ٹیم کو امریکی سفارت خانے سے کلیئرنس نہیں مل سکی۔ تاہم، وائٹ ہاؤس ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملے کی حساسیت اور فیفا قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ ویزے راتوں رات ہنگامی بنیادوں پر جاری کیے گئے۔ دوسری جانب، ایرانی خبر رساں ایجنسیوں کا دعویٰ ہے کہ امریکا نے کھلاڑیوں کو تو اجازت دیدی ہے مگر تاحال ایرانی فٹبال ٹیم کے کچھ تکنیکی عملے اور آفیشلز کو ویزے جاری نہیں کیے گئے، جس پر ایرانی فٹبال فیڈریشن نے ابھی تک کسی حتمی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔
واضح رہے کہ ایران کی فٹبال ٹیم ورلڈ کپ کے گروپ 'جی' میں شامل ہے اور وہ اپنا پہلا معرکہ 15 جون کو لاس اینجلس کے میدان میں نیوزی لینڈ کے خلاف لڑے گی۔ اس کے بعد لاس اینجلس ہی میں بیلجیئم اور بعد ازاں سیاٹل میں ایرانی ٹیم کا مقابلہ مصر سے شیڈول ہے۔