حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ: غیر قانونی کرش پلانٹس کے خلاف کارروائی، متعدد یونٹس سیل Home / باجوڑ /

باجوڑ: غیر قانونی کرش پلانٹس کے خلاف کارروائی، متعدد یونٹس سیل

ایڈیٹر - 04/06/2026
باجوڑ: غیر قانونی کرش پلانٹس کے خلاف کارروائی، متعدد یونٹس سیل

باجوڑ: ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی ہدایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر خار-I محمد نثار خان نے تحصیلدار اتمان خیل فیاض خان کے ہمراہ تحصیل اتمان خیل میں غیر قانونی کرش پلانٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد یونٹس کو سیل کر دیا۔انتظامیہ کے مطابق کارروائی کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ کئی کرش پلانٹس ضروری قانونی تقاضے پورے کیے بغیر، متعلقہ اجازت ناموں اور این او سیز کے حصول کے بغیر جبکہ ماحولیاتی اور حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کام کر رہے تھے۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غیر قانونی کرش پلانٹس نہ صرف قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے تھے بلکہ عوامی تحفظ اور ماحولیات کے لیے بھی خطرات کا باعث بن رہے تھے۔ رپورٹس کے مطابق مقامی بچے قریبی کھاڑوں اور برساتی نالوں سے بجری، ریت اور دیگر مواد اکٹھا کرنے کے لیے جاتے ہیں، جہاں بارشوں کے دوران سیلابی صورتحال پیدا ہونے سے جانی خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ ماضی میں ایسے واقعات میں بچوں کے جانی نقصان کی اطلاعات بھی سامنے آ چکی ہیں۔انتظامیہ نے عوامی مفاد اور قانونی تقاضوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے متعدد غیر قانونی کرش پلانٹس کو سیل کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق وہ تمام کرش پلانٹس جو لائسنس، این او سی، ماحولیاتی منظوری اور دیگر ضروری اجازت ناموں کے بغیر کام کر رہے ہیں، ان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور انہیں سیل کیا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی یونٹس اس وقت تک بند رہیں گے جب تک وہ تمام قانونی تقاضے پورے کرکے متعلقہ حکام سے باقاعدہ اجازت حاصل نہیں کر لیتے۔ انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی اور ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی کو بھی قوانین کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔