بنوں: خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی ایک اور سنگین کوشش سامنے آئی ہے، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے گل شیریں اسکول پر اندھا دھند فائرنگ کر دی ہے۔ "حسبان میڈیا" کو مقامی ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، مسلح ملزمان کی جانب سے اسکول کی عمارت کو نشانہ بنا کر فائرنگ کا سلسلہ کچھ دیر تک جاری رہا۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جس کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، خوش قسمتی سے اس اچانک فائرنگ کے واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے اور اسکول کا عملہ و طلبا محفوظ ہیں۔ تاہم، گنجان آباد علاقے میں واقع تعلیمی ادارے پر دن دیہاڑے ہونے والے اس حملے کے باعث طلبہ، اساتذہ اور مقامی عوام کے اندر شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ سیکورٹی اداروں نے اسکول اور اس کے اطراف کے تمام راستوں کو سیل کر کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ملوث شرپسندوں کی گرفتاری کے لیے ایک بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔