حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پشاور میں آل پاکستان نیشنل جونیئر سکواش چیمپئن شپ 2026 کا شاندار آغاز، 100 سے زائد کھلاڑیوں کی شرکت Home / کھیل /

پشاور میں آل پاکستان نیشنل جونیئر سکواش چیمپئن شپ 2026 کا شاندار آغاز، 100 سے زائد کھلاڑیوں کی شرکت

محمد عاصم - 03/06/2026
پشاور میں آل پاکستان نیشنل جونیئر سکواش چیمپئن شپ 2026 کا شاندار آغاز، 100 سے زائد کھلاڑیوں کی شرکت

پشاور (محمد عاصم): ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام پشاور کے قمر زمان سکواش کمپلیکس میں آل پاکستان نیشنل جونیئر سکواش چیمپئن شپ 2026 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ اس باوقار ایونٹ میں چاروں صوبوں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پاک آرمی اور پاک فضائیہ کے 100 سے زائد میل اور فیمیل کھلاڑی انڈر-15 کیٹیگری میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

افتتاحی تقریب اور معزز مہمانانِ گرامی
چیمپئن شپ کی پروقار افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد ترند تھے۔ تقریب میں سیکرٹری سپورٹس محمد آصف خان، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل مس رشیدہ غزنوی، ڈپٹی ڈائریکٹر نعمت اللہ، ڈائریکٹر سپورٹس آپریشنز جمشید بلوچ، آرگنائزنگ سیکرٹری منور زمان، سیکرٹری منصور زمان اور چیف کوچ شفقت اللہ سمیت صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے دیگر اعلیٰ عہدیداران اور کھیلوں کی نامور شخصیات نے شرکت کی۔

مشیرِ کھیل تاج محمد ترند کا خطاب
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی تاج محمد ترند نے کہا کہ صوبائی حکومت جونیئر سطح پر چیمپئن شپس کا انعقاد کر کے نوجوان کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو نکھارنے کے لیے بھرپور مواقع فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ موجودہ چیمپئن شپ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جبکہ صوبے میں کھیلوں کی دیگر مختلف سرگرمیوں کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی خود کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی سطح کے ان مقابلوں کا مقصد نوجوانوں کو صرف پلیٹ فارم دینا نہیں بلکہ ان کی فنی صلاحیتوں کو بہتر بنانا بھی ہے۔ حکومت صوبے کے تمام اضلاع میں کھیلوں کا جدید انفراسٹرکچر یکساں طور پر فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ ہمارے کھلاڑی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں۔

کھیلوں کی ترقی کے لیے حکومتی عزم
اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس محمد آصف خان اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس چیمپئن شپ میں ملک بھر سے بہترین جونیئر کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے واضع کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے کھیلوں کے فروغ کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کر رکھا ہے، یہی وجہ ہے کہ صوبے میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کی بہتری اور مقابلوں کا تسلسل برقرار رکھا گیا ہے تاکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کا معیار مزید بلند ہو سکے۔