لاہور: پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف جاری تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم نے کامیاب کمبی نیشن پر اعتماد برقرار رکھتے ہوئے اپنی پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی، جبکہ آسٹریلوی ٹیم نے ایک تبدیلی کرتے ہوئے فاسٹ بولر بلی اسٹینلیک کی جگہ لیگ اسپنر ایڈم زیمپا کو شامل کیا ہے۔
پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ گرین شرٹس نے پہلے ون ڈے میں آل راؤنڈ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی اور سیریز میں ابتدائی کامیابی اپنے نام کی تھی۔
قومی ٹیم آج کا میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کرے گی، جبکہ آسٹریلیا مقابلہ برابر کرنے کے لیے میدان میں اترا ہے، جس کے باعث شائقین کو ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔